بہن کی موت ثابت کرنے کیلئے بھائی نے قبر سے ڈھانچہ نکال لیا
بینک منیجر نے کہا اکاؤنٹ ہولڈر کو لے آئیں یا موت کا سرٹیفکیٹ اور قانونی وراثت کا ثبوت فراہم کریں: جیتو مندا

نئی دہلی: بھارت میں 19 ہزار روپے کیلئے بہن کی موت کا ثبوت دینے کی غرض سے بھائی قبر سے ڈھانچے کو نکال کر بینک پہنچ گیا جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ریاست اڑیسہ میں پیش آیا، جیتو منڈا نامی شہری کی بہن کالرا منڈا نے اڑیسہ گرامین بینک میں 19ہزار 300 روپے جمع کرائے تھے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون کا 2 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا جبکہ اس کا شوہر اور اکلوتا بچہ بھی انتقال کرچکے ہیں، جیتو اس کا واحد زندہ رشتہ دار تھا۔جیتو نے اپنی بہن کے اکاؤنٹ میں جمع رقم نکلوانا چاہی جس پر بینک منیجر نے اسے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یا تو اکاؤنٹ ہولڈر کو لے آئیں یا موت کا سرٹیفکیٹ اور قانونی وراثت کا ثبوت فراہم کریں۔
جیتو کے پاس نہ تو دستاویزات تھے اور نہ ہی کاغذات بنوانے کا کیلئے کسی طریقہ کار کا کوئی علم تھا، اس کے بعد جیتو نے گاؤں جاکراپنی بہن کی قبر کھودی، اس کی باقیات کو نکال کر کپڑے میں لپیٹا اور اپنے کندھے پر رکھ کر بینک پہنچ گیا جس کے بعد بینک انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔




