انتھونی جوشوا کی باکسنگ رنگ میں واپسی کا اعلان
میچ روم باکسنگ کی تصدیق، جولائی میں کرسٹیان پرینگا سے ٹکرائیں گے

ریاض: انگلینڈ کے سابق نامور ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن انتھونی جوشوا نے طویل انتظار کے بعد باکسنگ رنگ میں واپسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ای ایس پی این کے مطابق انتھونی جوشوا 25جولائی کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں رنگ میں واپسی کریں گے جہاں ان کا مقابلہ البانوی حریف کرسٹیان پرینگا سے ہوگا۔اس بات کی تصدیق میچ روم باکسنگ نے کر دی ہے۔
فائٹ سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ کے ساتھ دو مقابلوں کے معاہدے کا پہلا حصہ ہے جبکہ دوسری فائٹ رواں سال کے آخر میں برطانوی باکسر ٹائسن فیوری کے خلاف متوقع ہے۔انتھونی جوشوا اور ٹائسن فیوری کے درمیان مقابلہ طے پا چکا ہے، جس کی تصدیق سوشل میڈیا پر بھی کی گئی۔
دونوں باکسرز کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے ممکنہ فائٹ پر بات چیت جاری رہی تاہم اب یہ مقابلہ 2026میں ہونے کا قوی امکان ہے۔انتھونی جوشوا اس سے قبل دسمبر میں میامی میں ہونے والی فائٹ میں جیک پال کو چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر چکے ہیں تاہم اسی ماہ ایک ٹریفک حادثے میں ان کے دو قریبی ساتھیوں کی ہلاکت کے بعد انہوں نے کچھ عرصہ مقابلوں سے دوری اختیار کی۔
29فتوحات اور 4شکستوں کا ریکارڈ رکھنے والے انتھونی جوشوا نے حالیہ عرصے میں یوکرین کے عالمی چیمپئن اولیکسینڈر اوسیک کے ساتھ سپین میں تربیت حاصل کی ہے اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام جاری رکھا ہوا ہے۔




