Pakistan
Trending

صدر مملکت آصف علی زرداری کا ماؤ زے تنگ کے آبائی شہر شاشان کا دورہ

عوامی جمہوریہ چین کی جدوجہد، اتحاد اور ترقی میں ماؤزے تنگ کی خدمات کو سراہا

شاشان: صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماو زے تنگ کے آبائی شہر شاشان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیچو اسکوائر میں چیئرمین ماو کے مجسمے پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور چین کے انقلابی رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا استقبال سینئر پارٹی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا۔
انہوں نے صدر کو چیئرمین ماو زے تنگ کی زندگی اور جدوجہد سے آگاہ کیا اور شاشان میں ان کے ابتدائی دور اور ان عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔صدر کو اس بات پر بھی بریفنگ دی گئی کہ اس طرح کے یادگاری ادارے تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسٹیچو اسکوائر پر ہونے والی تقریب کے بعد صدر نے ماو زے تنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر دیکھیں جن میں چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو پیش کیا گیا تھا۔
صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماو زے تنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور عوامی جمہوریہ چین کی جدوجہد، اتحاد اور ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے عوامل کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
صدر کے ہمراہ دیگر کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button