ادیب، افسانہ نگار اے حمید کی برسی آج
اے حمی نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بچوں کا مشہور سیریل عینک والا جن بھی تحریر کیا

لاہور: معروف ادیب افسانہ نگار اے حمید کی برسی آج ( بدھ)29اپریل کو منائی جائے گی۔ اے حمید 25 اگست 1928 کو امرتسر میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان سمیت ہجرت کرکے لاہور میں رہائش اختیار کر لی۔
اے حمید کا پہلا افسانہ منزل منزل ادب لطیف میں 1948 میں شائع ہوا تھا۔ ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ منزل منزل بیحد مقبول ہوا جو ان کی رومانوی افسانہ نگار کے طور پر پہچان بن گیا۔
انہوں نے افسانہ نویسی کے علاوہ ایک عرصہ تک مختلف اخبارات میں باقاعدہ کالم نویسی بھی کی، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بہت سے پروگرام لکھے جو بے حد مقبول ہوئے۔انہوں نے بچوں کے لیے بھی امبر ناگ ماریہ سیریز کے سو سے زیادہ ناول تحریر کیے۔
1990 کی دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بچوں کا مشہور سیریل عینک والا جن تحریر کیا جو بے حد مقبول ہوا۔حکومت پاکستان نے 1997میں ان کے فن کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
اے حمید 29 اپریل 2011کو 83برس کی عمر میں انتقال کرگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔




