Sports
Trending

کرکٹ کو بلے کی قلت کا سامنا، مستقبل میں کھلاڑی کس قسم کا بلا استعمال کریں گے؟

انگلش ولو کی کمی، کھیل کو درپیش بڑا چیلنج

 

کرکٹ، جسے “جنٹلمین گیم” کہا جاتا ہے، بنیادی طور پر دو چیزوں یعنی بلا اور گیند پر مشتمل ہے۔ تاہم اب اس کھیل کو اپنی تاریخ کے ایک ممکنہ بڑے بحران کا سامنا ہے، اور وہ ہے بلوں کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والی خاص لکڑی کی قلت۔

کرکٹ میں استعمال ہونے والے زیادہ تر بلے انگلش ولو سے تیار کیے جاتے ہیں، جو اپنی مضبوطی، لچک اور کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں معیار سمجھی جاتی ہے۔ لیکن حالیہ برسوں میں اس لکڑی کی دستیابی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس نے ماہرین اور کرکٹ حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس بحران کی ایک بڑی وجہ کرکٹ میچز اور لیگز میں بے پناہ اضافہ ہے۔ دنیا بھر میں مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز اور بین الاقوامی مقابلوں کی تعداد بڑھنے سے بلوں کا استعمال بھی کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاور ہٹنگ کے رجحان نے بھی بلوں کے جلد ٹوٹنے کے امکانات بڑھا دیے ہیں، جس سے مانگ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

انگلش ولو کے درخت کو مکمل طور پر تیار ہونے میں تقریباً 12 سے 15 سال لگتے ہیں، جس کے بعد ہی اس سے اعلیٰ معیار کا بلا تیار کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اچانک بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا آسان نہیں رہا۔ اطلاعات کے مطابق انگلینڈ میں بلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں درمیانے درجے کا بلا بھی انتہائی مہنگا ہو چکا ہے۔

کرکٹ کے قوانین بنانے والے ادارے میری لبون کرکٹ کلب نے اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ممکنہ حل تلاش کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک اہم کانفرنس بھی منعقد کی جا چکی ہے، جس میں متبادل مواد کے استعمال پر غور کیا گیا۔

تجاویز میں بانس (بیمبو) اور فائبر جیسے مواد سے بلے بنانے، یا دو مختلف اقسام کی لکڑی سے تیار کردہ لیمی نیٹڈ بلے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر بھی بات ہوئی ہے۔ تاہم موجودہ قوانین کے مطابق بلا صرف لکڑی سے ہی بنایا جا سکتا ہے، جس کی وجہ سے فوری طور پر متبادل اختیار کرنا آسان نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کرکٹ میں اسی رفتار سے میچز اور لیگز کا سلسلہ جاری رہا تو آنے والے برسوں میں بلوں کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔ ایسے میں کھیل کے قوانین میں تبدیلی یا متبادل مواد کو اپنانا ناگزیر ہو سکتا ہے۔

یہ صورتحال کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک اہم سوالیہ نشان بن چکی ہے کہ آیا روایتی لکڑی کے بلے برقرار رہیں گے یا کھیل کو جدید تقاضوں کے مطابق خود کو بدلنا پڑے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button