سموسے کے شوقین سٹوڈنٹس کے لئے انتہائی بری خبر
کسی کالج یا یونیورسٹی کینٹین میں سموسہ نہیں ملے گا، یہ پابندی بھارت میں نافذ کی گئی ہے
سموسے کے شوقین سٹوڈنٹس کے لئے انتہائی بری خبر
نئی دہلی:سموسہ ہر خاص و عام کی پسندیدہ خوراک ہے۔ چاہے آلو کا ہو یا قیمے کا، سموسہ اپنے چٹ پٹے ذائقے کی وجہ سے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے۔
برصغیر پاک و ہند اور دیگر ممالک میں یہ ہر عمر کے مرد و خواتین کی پسندیدہ خوراک ہے۔ شام کی چائے ہو یا مہمانوں کی تواضع، افطار کا دستر خوان ہو یا کالج اور یونیورسٹیز میں دوستوں کے ساتھ پارٹی، یہ سب سموسے کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہیں۔
تاہم طلبہ و طالبات کے لیے بری خبر یہ ہے کہ اب کسی کالج یا یونیورسٹی کینٹین میں سموسہ نہیں ملے گا۔ یہ پابندی بھارت میں نافذ کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے 15 جولائی کو ملک بھر کی جامعات اور ان سے ملحقہ کالجز کے لیے ایک گائیڈ لائن جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اب کینٹینز میں صرف صحت بخش اشیا ہی فروخت کی جائیں گی۔
یو جی سی کی نئی گائیڈ لائن کے مطابق سموسہ اور نوڈلز صحت بخش غذا میں شامل نہیں ہیں، اس لیے اب طلبہ و طالبات اپنے تعلیمی اداروں میں اپنے من پسند سموسے سے محظوظ نہیں ہو سکیں گے۔
یو جی سی کی گائیڈ لائن میں نیشنل ایڈووکیسی اِن پبلک انٹریسٹ (این اے پی آئی) کا حوالہ دیا گیا ہے، جو ایک قومی تھنک ٹینک ہے اور مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے۔ این اے پی آئی نے تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں مضر صحت اشیا کی فراہمی بند کرنے کی سفارشات کی ہیں۔
اس نوٹیفکیشن میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنے تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں غیر صحت مند اشیا کی فروخت پر پابندی کو یقینی بنائیں، تاکہ نوجوانوں میں پھیلتے وبائی امراض کی روک تھام ہو سکے۔