لیڈی ڈاکٹر کی وحشت ناک موت: پوسٹ مارٹم رپورٹ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا
ڈاکٹر کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کیا گیا،رپورٹ میں انکشافات
لیڈی ڈاکٹر کی وحشت ناک موت: پوسٹ مارٹم رپورٹ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا
بھارتی ریاست بنگال کے شہر کلکتہ میں ایک 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ بیدردی سے زیادتی اور قتل کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا تھا، جس کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 9 اگست کو آر جی کار میڈیکل کالج کے سیمینار روم سے لیڈی ڈاکٹر کی لاش برآمد ہوئی، جو انتہائی خراب حالت میں تھی۔ لاش کے ملنے کے بعد ابتدائی طور پر اسپتال انتظامیہ نے اس واقعے کو خودکشی قرار دینے کی کوشش کی، لیکن میڈیا اور ڈاکٹرز تنظیموں کے دباؤ کی وجہ سے معاملہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کیا گیا تھا۔ اس کے سر، چہرے، گردن، بازو اور نازک حصوں پر مجموعی طور پر 14 زخموں کی نشانیاں تھیں، جبکہ اس کی موت کی وجہ گلا دبانے سے ہوئی تھی۔ پھیپھڑوں کی نالیوں میں خون بہنے کے شواہد بھی ملے۔
اس سنگین واقعے کے بعد ابھی تک صرف ایک گرفتاری ہوئی ہے، جو ایک رضاکار پولیس اہلکار ہے۔ تاہم، اس کیس میں مزید مجرمان بھی ملوث ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔ اس واقعے نے بھارت میں خواتین کے تحفظ اور مجرمانہ غفلت پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔
اس کیس کی تفصیلات نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں غم و غصے کا باعث بنی ہیں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر سے مکالمہ شروع کر دیا ہے۔