Pakistan
Trending

اختلافات ختم، شیر افضل مروت کو بڑی ذمہ داری مل گئی

پارٹی کے اندر موجود اختلافات اور شکایات کا خوش اسلوبی سے حل نکال لیا گیا ہے:شیر افضل مروت

اختلافات ختم، شیر افضل مروت کو بڑی ذمہ داری مل گئی

اسلام آباد: شیر افضل مروت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر موجود اختلافات اور شکایات کا خوش اسلوبی سے حل نکال لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ گفتگو کے بعد یہ طے پایا ہے کہ اب پارٹی رہنماؤں کے بارے میں کوئی منفی بیان نہیں دیا جائے گا۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں 22 اگست کو منعقد ہونے والے جلسے کی مکمل ذمہ داری سونپ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود اس جلسے کی منصوبہ بندی کریں گے اور اس کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے تاکہ یہ ایک کامیاب اجتماع ثابت ہو۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے اندر کسی بھی قسم کی گروہ بندی کی مخالفت کی ہے اور اس بات کی تاکید کی ہے کہ پارٹی کو متحد رکھا جائے۔ شیر افضل مروت نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ بیرسٹر گوہر کے ساتھ ملاقات کرکے تمام اختلافات کو ختم کریں گے۔

شیر افضل مروت نے ملک بھر میں ہونے والے احتجاجات کی قیادت کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو ہمت، حوصلے اور عزم کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اگر 9 مئی جیسے ناخوشگوار واقعات پیش آئے تو اس کی ذمہ داری وہ خود قبول کریں گے اور بانی پی ٹی آئی کو اس سے بری الذمہ قرار دیں گے۔

اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے ان افواہوں کو مسترد کیا تھا کہ انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ "عمران خان اور میری محبت کو کوئی چغلیاں ختم نہیں کر سکتیں، خان ہمیشہ میرا لیڈر رہے گا۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button