پنجاب حکومت نے مہنگی بجلی کے مسئلے کا حل نکال لیا
600 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے پروجیکٹس مکمل ہونے کے بعد عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی
پنجاب حکومت نے مہنگی بجلی کے مسئلے کا حل نکال لیا
لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت مہنگی بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے سولر پینلز فراہم کرے گی۔ لاہور میں ایک اجلاس کے دوران، انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی پروجیکٹ میں غیر ملکی اداروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال، اور لاہور کے ترقیاتی پروجیکٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نجکاری کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویلز، اور پہلی ایئر ایمبولینس کی لانچنگ پر مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 600 سے زائد سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے پروجیکٹس مکمل ہونے کے بعد عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پانچ بڑی ایکسپریس ویز کی تعمیر سے شہروں کو ایک دوسرے سے جوڑا جائے گا، اور سڑکوں کی تعمیر، توسیع، اور مرمت سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مہنگی بجلی کے مسئلے کے حل کے لئے سولر پینلز فراہم کرے گی، اور لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پروجیکٹ میں غیر ملکی اداروں کی دلچسپی خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روڈز، ایجوکیشن، ہیلتھ پروجیکٹس اور ستھرا پنجاب پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مریم نواز کے اقدامات کو بھی سراہا۔
عبدالعلیم خان نے اس موقع پر کہا کہ پی آئی اے اور دیگر خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا، اور بورڈ آف انویسٹمنٹ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ون ونڈو اور ایز آف بزنس شروع کر چکا ہے۔