یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوگا، امیر جماعت اسلامی
جماعت اسلامی کا دھرنا نویں روز میں داخل، حافظ نعیم الرحمان کا عوام سے خطاب
یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوگا، امیر جماعت اسلامی
راولپنڈی : جماعت اسلامی کا بجلی کی مہنگی قیمتوں، آئی پی پیز اور مہنگائی کے خلاف جاری دھرنا نویں روز میں داخل ہوگیاہے۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دھرنا پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت وگا اور عوام کی امیدوں کا ترجمان بنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنے کے مطالبات خواہشات نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں سے لوگ انتہائی پریشان ہیں اور اضافی ٹیکسز ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام پر پڑنے والا بوجھ کم کرے اور اپنی مراعات میں کمی کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام رہے ہیں اور حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاکرات عوام کے سامنے ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج دھرنے کے شرکا فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کریں گے۔