’’پہلے مرغی آئی یا انڈہ ‘‘کی تلخ بحث نے دوست کی جان لے لی
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں دوست شراب پینے کے بعد پہیلیوں پر گفتگو کر رہے تھے
’’پہلے مرغی آئی یا انڈہ ‘‘کی تلخ بحث نے دوست کی جان لے لی
جکارتہ: انڈونیشیا کے جنوب مشرقی سولاویسی صوبے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک دوست نےپہلے مرغی آئی یا انڈہ کی بحث کے دوران اپنے دوسرے دوست کو قتل کر دیا۔ دونوں افراد اس وقت نشے کی حالت میں تھے۔
مقامی پولیس کے تفتیشی افسر لا اودے ارسانگکا کے مطابق، مشتبہ قاتل ڈی آر نے 24 جولائی کو 47 سالہ قادر مارکس کو قتل کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں دوست شراب پینے کے بعد پہیلیوں پر گفتگو کر رہے تھے۔
ڈی آر نے مارکس کو اپنے گھر مدعو کیا تھا، جہاں دونوں نے کئی گلاس شراب پی اور پھر پہلے مرغی آئی یا انڈہ کی مشہور پہیلی پر بحث شروع کر دی۔ بحث کے دوران تلخی بڑھ گئی، اور مارکس نے وہاں سے جانے کا فیصلہ کیا۔
مارکس کے جانے کے بعد، ڈی آر نے خنجر اٹھایا اور اس کا پیچھا کیا۔ پہلے موٹر سائیکل اور پھر پیدل مارکس کو دبوچ کر، ڈی آر نے اس پر 15 بار چاقو سے حملہ کیا، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
آس پاس گزرنے والے راہگیروں نے مارکس کو بچانے کی پوری کوشش کی اور اسے ہسپتال پہنچایا، مگر زخموں کی شدت کی وجہ سے مارکس جانبر نہ ہو سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس نے قاتل ڈی آر کو گرفتار کر لیا ہے، اور جرم ثابت ہونے پر اسے 18 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ یہ واقعہ نشے کی حالت میں بے معنی بحث کی شدت اور اس کے خوفناک نتائج کی طرف اشارہ کرتا ہے۔