مہنگائی اور بجلی قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی کا دھرنا جاری
لیاقت باغ میں احتجاجی دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا۔شرکاء کا جوش وخروش برقرار ہ
راولپنڈی: بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، ٹیکسز کی بھرمار اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا لیاقت باغ میں احتجاجی دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا۔شرکاء کا جوش وخروش برقرار ہے اور نعرے بازی کی جارہی ہے۔ خواتین بھی دھرنے کا حصہ بن گئیں اور ان کیلئے الگ پنڈال بن گیا، میٹرو بس سروس تین روز کی بندش کے بعد آج چوتھے روز بحال ہوگئی ہے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے تاجروں، اساتذہ اور لیبر تنظیموں کو بھی آج سے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیموں میں آج مذاکرات کا اہم دور ہوگا۔ابتدائی مذاکرات میں جماعت اسلامی نے اپنا مؤقف پیش کر دیا تھا۔ حکومتی ٹیم آج اس کا مفصل جواب دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
دھرنے کے باعث ملحقہ بازاروں اور روڈز پر تجارتی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ ٹریفک بھی جام رہنے لگا ہے ۔جماعت اسلامی نے دھرنے کو لیاقت باغ چوک سے لیاقت باغ کے اندر منتقل کرنے کی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنا یہاں سے آگے اسلام آباد کی جانب بڑھے گا۔