پاکستان برآمدات بڑھانے میں انتہائی کمزور ملک ہے، آئی ایم ایف
برآمدات بڑھانے کیلئے مقامی صنعت کی پیداوار میں مزید ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے،جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا
اسلام آباد : آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان برآمدات بڑھانے میں انتہائی کمزور ملک ہے۔ برآمدات بڑھانے کیلئے مقامی صنعت کی پیداوار میں مزید ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے،جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔ عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ادائیگیوں پر پابندی، درآمدات کیلئے ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹیں، ایکسچینج ریٹ پاکستان کی کم برامدات کی بنیادی وجوہات ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کو برآمدات و درآمدات کیلئے عالمی مارکیٹس میں مقابلے کے رجحان کی فضا کو دیکھنا چاہیے، برآمدات بڑھانے کیلئے مقامی صنعت کی پیداوار میں مزید ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے، مقامی صنعتوں کی پیداوار بڑھانے اور ویلیو ایڈیشن کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔آئی ایم ایف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بنگلا دیش، بھارت، ویتنام، تھائی لینڈ و دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی برآمدات انتہائی کم ہیں، پاکستان کو ٹیکسٹائل، ایگریکلچر پراڈکٹس کے علاوہ دیگر شعبوں کی برآمدات بڑھانا ہوں گی۔عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی برآمدات کی عالمی مارکیٹ میں پرفارمنس زیادہ بہتر نہیں ہے۔دوسری جانب ذرائع وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) نے برآمدات بڑھانے کیلئے معاشی ٹیم سے پلان طلب کر لیا ہے۔