Pakistan
Trending

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،شہبازشریف

اسلام آباد : وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوان آبادی پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح و بہبود سے ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے، پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے نوجوان ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تمام تر تربیتی پروگرامز کا محور روزگار کی فراہمی ہونا چاہیے۔ شہبازشریف نے کہاکہ جاب مارکیٹ کا تفصیلی سروے کروا کر اس کے مطابق ترجیحی شعبوں میں اسکل ٹریننگ کا آغاز کیا جائے ۔اجلاس کو پی ایم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک 6 لاکھ لیپ ٹاپس دیئے جا چکے ہیں ،اس سال نوجوانوں میں میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کئے جائیں گے ۔ بتایاگیاکہ گزشتہ تین سالوں میں یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والوں میں 64 فیصد کو باعزت روزگار ملا ۔ بتایاگیاکہ پی ایم نیشنل انوویشن ایوارڈ کے تحت 100 اسٹارٹ اپس کو فنڈ کیا گیا ہے جنہیں ملک بھر میں نامزد انکیوبیشن مراکز میں جگہ دی جا رہی ہے ۔ بتایاگیاکہ پی ایم یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت 10 بین الاقوامی معیار کی اسپورٹس اکیڈمیاں اور ایک بائیو مکینیکل لیبارٹری اس سال کام شروع کر دیے گئے ۔ بتایاگیاکہ پرائم منسٹر گرین یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے بچاؤ اور ایکو -انوویشن کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے اس حوالے سے ملک بھر کی 268 جامعات کو ٹارگٹ کیا جائے گا۔ بتایاگیاکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی 2024 کی تیاری حتمی مراحل میں ہے ۔ بریفنگ دی گئی کہ پالیسی کا محور نوجوانوں کو با عزت روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرنے اور ورک فورس کی خواتین کی شرح میں اضافہ ہو گا ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ پی ایم ڈیجیٹل حب جو ایک ون ونڈو آپریشن ڈیش بورڈ ہو گا تیار کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button