مانچسٹر:مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پر تشدد کا واقعہ پیش آیا، واقعے کے خلاف پاکستانی کمیونٹی نے راچڈیل پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں پولیس افسر کو زمین پر گرے ہوئے شخص کو لات مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس اچانک قریب بینچ پر بیٹھے شخص پر بھی چڑھ دوڑی اور اس پر بھی تشدد کیا۔گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کو ایئرپورٹ پر لڑائی کی اطلاع پر طلب کیا گیا تھا، واقعہ کا علم ہے، تحقیقات شروع کردی ہے۔اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل وسیم چوہدری نے کہا ہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ واقع میں ملوث اہلکار کو معطل کردیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان پر تشدد کے واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق واقعے کے خلاف پاکستانی کمیونٹی نے راچڈیل پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا۔اس حوالے سے ہوم آفس منسٹر ڈیانا جونسن نے کہا کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر دل خراش واقعے پر عوام کی تشویش کو سمجھ سکتی ہوں۔ڈیانا جونسن کا کہنا تھا کہ مانچسٹر پولیس سے واقعے کی تفصیلات طلب کی ہیں۔برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔میئر مانچسٹر نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر ایئرپورٹ واقعے پر عوام میں تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مانچسٹر پولیس کے ڈپٹی چیف کانسٹیبل کو عوام کی تشویش سے آگاہ کردیا ہے، واقعے کی تحقیقات کے لییانڈیپینڈنٹ آفس آف پولیس کنڈکٹ سے رجوع کیا ہے۔