چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار
بلو شرٹس کے تمام میچز لاہور میں، فائنلتک رسائی کی صورت میں بھی مہمان ٹیم کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا
کراچی: چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دے دی گئی،بطور میزبان پی سی بی نے شیڈول اور فارمیٹ جمع کرا دیا،اسے شریک ممالک کو پیش کر کے بحث کے بعد حتمی شکل دینا کونسل کی صوابدید ہے، ایونٹ میں بلو شرٹس کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں، فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی مہمان ٹیم کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا۔ دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے منظور شدہ بجٹ میں ضمنی اخراجات بھی شامل ہیں،اس کا مقصد بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں کسی دوسرے مقام پر میچز رکھنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس پاک سرزمین پر ہونا ہے لیکن ہمیشہ کی طرح بھارت ٹیم کو بھیجنے کی تصدیق نہیں کر رہا، بی سی سی آئی کی جانب سے ناز نخرے دکھائے جا رہے ہیں، گذشتہ دنوں کولمبو میں آئی سی سی کی میٹنگز کا انعقاد ہوا لیکن اعلامیے میں چیمپئنز ٹرافی کا کوئی ذکر نہ تھا اس کی وجہ ایونٹ کے شیڈول اور فارمیٹ پر کوئی بات نہ ہونا بنی۔پی سی بی نے بھارت کے پاکستان آنے یا نہ آنے کو آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دیا ہے، بطور میزبان پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول اور فارمیٹ جمع کرا دیا، اب یہ کونسل پر منحصر ہے کہ وہ شریک رکن ممالک کو پیش کر کے بحث کے بعد کتنی جلدی اسے حتمی شکل دیتی ہے، امجموزہ شیڈول میں بلو شرٹس کے تمام میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں۔ فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی بلو شرٹس کو قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا.
ذرائع نے تصدیق کی کہ پی سی بی پہلے ہی آئی سی سی کومحصولات کی ادائیگی سمیت تمام تر مالی تفصیلات سے تحریری طور پر آگاہ کر چکا ہے۔ دوسری جانب آئی سی سی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کے فیصلے پر بی سی سی آئی سے تصدیق کا انتظارہے۔