کھلاڑیوں کے چھکا مارنے پر پابندی عائد
دنیا کے ایک قدیم کرکٹ کلب ساؤتھ وک اینڈ شورہم نے گراؤنڈ کے ساتھ واقع گھروں میں بالز کے نقصان کی شکایات پر کھلاڑیوں پر چھکا مارنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے ایک قدیم کرکٹ کلب، ساؤتھ وک اینڈ شورہم، نے کھلاڑیوں پر چھکا مارنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس فیصلے کی وجہ گراؤنڈ کے ساتھ واقع رہائشیوں کی شکایات ہیں، جن کا کہنا ہے کہ چھکے کے باعث ان کے گھروں، کاروں، اور شیڈز کو نقصان پہنچ رہا ہے، اور بعض اوقات بالز مقامی لوگوں کو بھی لگ جاتی ہیں۔
یہ کلب، جو 1790 میں برائٹن کے قریب قائم کیا گیا تھا، نے بیٹرز کو مطلع کیا ہے کہ پہلے چھکے پر کوئی رن نہیں ملے گا، جبکہ دوسرے چھکے پر بیٹر کو آؤٹ قرار دیا جائے گا۔
ایک بیٹر نے اس پابندی کو کھیل کی شان کے خلاف اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشورنس کمپنیاں اس نقصان کی تلافی کر سکتی ہیں، اور اگر آپ کرکٹ گراؤنڈ کے ساتھ گھر خریدتے ہیں تو کچھ بالز کی توقع رکھنی چاہیے۔
دوسری طرف، کچھ رہائشیوں نے اس پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک رہائشی نے بتایا کہ ان کے باپ دادا اسی گھر میں رہائش پذیر تھے اور شروع سے ہی بالز کی وجہ سے نقصان ہوتا رہا ہے۔
جبکہ ایک اور رہائشی نے اس پابندی پر اعتراض کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ گراؤنڈ چھوٹا ہے، چھکا کھیل کا ایک خوبصورت حصہ ہے اور ان کے گھر میں کبھی بال نہیں آئی۔
یہ فیصلہ کھیل اور مقامی رہائشیوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔