20 کروڑ ایکس صارفین کے ای میل ایڈریس اور اکاؤنٹ تفصیلات لیک
یہ معلومات صارفین کو فشنگ حملوں، شناخت کی چوری، اور سوشل انجینئرنگ اسکیم کا شکار بنا سکتی ہیں
20 کروڑ ایکس صارفین کے ای میل ایڈریس اور اکاؤنٹ تفصیلات لیک
سائبر ماہرین نے حال ہی میں ایک بہت بڑے ڈیٹا لیک کی نشاندہی کی ہے، جو تقریباً 20 کروڑ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) صارفین کے 9.4 جی بی ڈیٹا پر مشتمل ہے۔ سائبر سیکیورٹی کے موضوع پر خبریں اور تجزیے فراہم کرنے والے ادارے سائبر پریس کے محققین کے مطابق، یہ لیک حالیہ وقتوں میں ہونے والے بڑے ڈیٹا لیکس میں سے ایک ہے جو صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کے متعلق اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔
لیک ہونے والے ڈیٹا میں صارفین کے ای میل ایڈریس، نام، اور ایکس اکاؤنٹ کی تفصیلات شامل ہیں۔ یہ معلومات صارفین کو فشنگ حملوں، شناخت کی چوری، اور سوشل انجینئرنگ اسکیم کا شکار بنا سکتی ہیں۔ سائبر مجرمان اس ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے ای میلز اور ان سے جڑے سسٹمز کو مزید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
یہ ڈیٹا لیک سب سے پہلے ایک معروف ہیکنگ فورم پر رپورٹ ہوا۔ ‘مشوپا نامی ایک صارف نے 7 جولائی 2024 کو اس وسیع ڈیٹا بیس کو جاری کرنے کے لیے نیا اکاؤنٹ بنایا۔ یہ ڈیٹا 10 فائلوں پر مشتمل ہے، اور ہر فائل میں 1 جی بی کا ڈیٹا ہے جسے کوئی بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔
اس معاملے پر سائبر پریس نے ایکس سے رابطہ کیا ہے، لیکن ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔