اسلام آباد (خاکی نیوز) پاکستان کے راستے افغانستان کے صوبہ کنڑ سے بھارت کو پہلی بار 8 ہزار ٹن پیاز برآمد کر دی گئی۔ افغان عبوری حکومت کے مطابق پاکستان کے راستے صوبہ کنڑ کے تاجروں نے بھارت کو 9 کروڑ 10 لاکھ افغانی سے زائد مالیت کی 8 ہزار میٹرک ٹن پیاز برآمد کی۔
افغان عبوری حکومت کے اہلکار نے بتایاکہ طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد نہ صرف افغانستان سے پڑوسی ممالک کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی برآمدات کی سطح میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، قبل ازیں افغانستان سے چین کو چلغوزے بھی برآمد کیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: انکم ٹیکس آرڈر جاری، نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک ہونے کا سلسلہ جاری
واضح رہے کہ افغانستان سے چین برآمد ہونے والے 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں آن لائن فروخت ہوگئے تھے۔ افغانستان اور چین کے درمیان چلغوزوں کی تجارت جاری ہے اور کئی فلائٹس سینکڑوں ٹن چلغوزہ چینی مارکیٹوں تک پہنچا چکی ہیں۔
چینی مارکیٹ میں افغانستان سے برآمد شدہ چلغوزوں کی طلب بڑھتی ہی جارہی ہے اور 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی آن لائن فروخت ہوئے ہیں۔ حال ہی میں افغانستان میں چینی سفیر وانگ یو نے ٹوئٹ میں بتایا کہ افغانستان سے اب تک چلغوزوں کی 10 فلائٹس پہنچ چکی ہیں۔