کراچی (خاکی ٹی وی) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم کی مصنوعات پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے خلاف بدھ 10 جولائی سے گندم کی واشنگ روکنے اور جمعرات 11 جولائی سے غیر معینہ مدت کے لیے فلور ملیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری عامر عبداللہ کی طرف سے یہ اعلان منگل کے روز چوہدری محمد یوسف ودیگر عہدیداروں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے یہ آخری الٹی میٹم ہے، اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے تو کراچی سمیت ملک بھر کی فلور ملیں جمعرات سے بند کردیں گے۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار روٹی پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا گیا ہے، حکومت عام آدمی کی روٹی پر نظر رکھنے کے بجائے اس پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا اعلان کرے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے آئی ایس آئی کو کال سننے کی اجازت دیدی
انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہونے سے فی کلوگرام آٹے کی قیمت میں 8روپے کا اضافہ ہوجائے گا، فلور ملوں میں پسپائی اس وقت تک بند رکھیں گے جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے ایف بی آر میں رشوت ستانی کا بازار گرم ہوجائے گا۔
فلور ملز کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں ناکامی کے بعد فلور ملوں کو ریونیو وصولیوں کی ذمہ داری دے رہی ہے، فیصلے پر نظر ثانی نہ ہونے کی صورت میں بدھ 10جولائی سے کراچی سمیت ملک بھر کی فلور ملیں گندم کی واشنگ اور پسائی بند کردیں گی، بھینس کالونیوں اور مویشیوں کو چوکر کی سپلائی بند کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جمعرات 11جولائی سے ملک بھر کی فلور ملیں غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیں گے، عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ فلور ملوں کو پابند رکھنے کے بجائے انہیں آزاد رکھا جائے تاکہ گندم کے تیار ہونے والے آٹا بلکہ دیگر ویلیوایڈڈ گندم کی مصنوعات کی برآمدات کرکے ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکے۔