اینڈرائیڈ صارفین ہوشیار! یہ ایپس فوراً ڈیلیٹ کر دیں
سکیورٹی کمپنی نے 7ایسی ایپس پکڑی ہیں جو صارفین کیلئے خطرناک ہیں
سائبر ماہرین نے کچھ ایسی اینڈرائیڈ ایپس کی نشاندہی کی ہے جو صارفین کے پاسورڈز چوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ ایپس اکثر صارفین سے ان کے گوگل، فیس بک، اور دیگر اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ بعض اوقات، یہ معلومات فراہم کرنا ایپ کے استعمال کے لیے ضروری ہوتا ہے، لیکن زیادہ تر یہ جعلسازوں کی چال ہوتی ہے جس میں وہ صارفین کو دھوکہ دے کر ان کی ذاتی معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔
حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کئی ایپلی کیشنز ایسی ہیں جنہیں صارفین نے انجانے میں ڈاؤن لوڈ کر رکھا ہے۔ یہ ایپس صارفین کا نجی ڈیٹا چرانے کے علاوہ ان کے فیس بک پاسورڈ اور کرپٹو ڈیٹا بھی حاصل کر رہی ہوتی ہیں۔
سائبر سکیورٹی کمپنی ٹرینڈ مائیکرو نے پلے اسٹور پر موجود 200 سے زائد ایسی ایپلی کیشنز کی ایک فہرست جاری کی ہے جو ‘فیس اسٹیلر’ پر مشتمل ہیں۔ فیس اسٹیلر اینڈرائیڈ میں ایک اسپائی ویئر ہے جو صارفین کی ذاتی معلومات چوری کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اسپائی ویئر ایک قسم کا میلویئر ہے جو کسی بھی ڈیوائس میں خاموشی سے انسٹال ہو کر صارف کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے اور حساس معلومات چوری کرتا ہے۔ اس میں پاسورڈز، بینکنگ معلومات، اور دیگر ذاتی ڈیٹا شامل ہو سکتے ہیں۔ اسپائی ویئر عموماً بغیر صارف کی معلومات کے انسٹال ہوتا ہے اور پھر یہ معلومات کسی بد نیت فرد یا گروہ کو بھیجتا ہے۔
ٹرینڈ مائیکرو نے سات ایسی ایپلی کیشنز کی نشاندہی کی ہے جنہیں فوری طور پر ڈیلیٹ کرنے کی تجویز دی ہے۔ درج ذیل وہ سات ایپس ہیں جنہیں ٹرینڈ مائیکرو کمپنی نے پکڑا ہے:
(1)فوٹو گیمنگ پزل
(2)انجوائے فوٹو ایڈیٹر
(3)بزنس میٹا منیجر
(4)ڈیلی فٹنس او ایل
(5)پینوراما کیمرا
(6)سوام فوٹو
(7)کرپٹو مائننگ فارم یور اون کوائن