لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں کو محسن نقوی کا سخت پیغام
بابراعظم،شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان نے این او سی کی درخواست کررکھی ہے
لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں کو محسن نقوی کا سخت پیغام
لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹیم کی سلیکشن میں غلط فیصلے کرنے والوں کا احتساب کریں گے۔ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے وینیوز میں ملتان ،کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا کہ لیگز کھیلنے والے سن لیں!سب سے پہلے پاکستان بعد میں دوسری چیزیں ہیں، بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے جن کرکٹرز نے لیگ کے لئے این او سی کی درخواست کی انکو این او سی نہیں ملے گا۔
اسے بھی پڑھیں اللہ کا نام کیوں لیا، سراج ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر
ذرائع کے مطابق کینیڈا کی گلوبل ٹی 20 لیگ کے لئے بابراعظم،شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان نے این او سی کی درخواست کررکھی ہے۔
صرف فٹنس معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو ہی سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں جس کا جو حق بنتا ہو گا وہ اس کو مل کررہے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی پوسٹ مارٹم ہوگا، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے لئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فٹنس کے اوپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، یو یو ٹیسٹ سمیت جو فٹنس ٹیسٹ ہوں گے وہ دینے پڑیں گے، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دے گا وہی قومی ٹیم کا حصہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض کو میں نے چیف سلیکٹر نہیں بنایا تھا، میں نے ان کو چیف سلیکٹر سے صرف سلیکٹر بنایا تھا، عنقریب سب کو پتا لگ جائے گا سلیکشن کمیٹی میں کون رہتا ہے اور کون نہیں، ویمن ٹیم کا کوئی وارث نہیں،لڑکیوں کی سلیکشن کیسے ہورہی کسی کو پتا ہی نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ڈریسنگ روم میں کون سا کھلاڑی ہدایات پر عمل کررہا تھا کون نہیں سب پتا لگ جائے گا، شان مسعود سے بھی ویڈیو کال پر بات ہوئی تھی کہ ٹیم کو کیسے بہتر کیا جاسکتا ہے، شان مسعود کو ہٹانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،شان مسعود سے متعلق کافی لوگوں کی رائے مثبت ہے۔