پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے: وزیر داخلہ بلوچستان
بھارتی ایما پر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کاروائیاں کی جارہی ہیں
پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے: وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہاہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردی بھارت کے ایما پر کی جارہی ہے۔ نام نہاد آزادی کے نام پر بلوچ جوانوں کو ورغلایا جارہا ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان آج ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ بھارتی ایما پر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں عام غریب بلوچ کو مخبر کا الزام عائد کر کے قتل عام کر رہی ہیں تاکہ اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے عوامی حمایت ناگزیر ہے:خرم نواز گنڈاپور یہ بھی پڑھیں
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان دہشت گردوں کی انساینت سوز کارروائیوں کا نوٹس لے کر ان کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے کوئٹہ شہر،دیہاتوں میں نہتے اور معصوم بلوچوں، سکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر حملے کررہی ہیں۔ کیا ریاست اور حکومت نہتے اور معصوم بلوچوں کے قتل عام کرنے والوں کے خلاف خاموش رہ سکتی ہے؟۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا کونسی آزادی کی جنگ ہے۔ نام نہاد آزادی کے نام پر غریب بلوچ نوجوانوں کو ورغلایاجارہا ہے۔ حکومت بات چیت پریقین رکھتی ہے۔ روزِ اول سے مذاکرات کرنے کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔ جو لوگ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے اور دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں، ان سے کیسے مذاکرت کیے جائیں۔