لاہور: گیس بحران شدت اختیار کر گیا، حکام خاموش تماشائی
گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ناشتہ اور کھانا بنانا مشکل ہو گیا ،شہری
لاہور: بجلی کے ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ گیس فراہمی انتہائی کم ہونے کے باعث لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، کئی علاقے گیس سے محروم ہو گئے۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس فراہمی انتہائی کم ہونے سے پورے بھر میں گیس پریشر ڈاؤن ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔
لاہور کے علاقوں مسلم ٹاون، اچھرہ ،شاہ جمال ،اسلام پورہ، سمن آباد، چوبرجی ،گڑھی شاہو، نسبت روڈ، گوالمنڈی، فیروز پور روڈ کے ملحقہ علاقوں، کاہنہ، سبزہ زار، ہربنس پورہ، جوہر ٹاؤن، ، کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ، سگیاں پل اور دیگر علاقوں میں گیس غائب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت گیس کی سپلائی فوری بحال کرے، غریب آدمی کے لئے مہنگے سلنڈر اور لکڑیاں خریدنا ممکن نہیں ،گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ناشتہ اور کھانا بنانا مشکل ہو گیا ہے۔
سوئی گیس حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،شہری ان کی جانب سے گیس کی بندش کا شیڈول بھی جاری نہیں کیا گیا،شکایات سینٹرز پر شکایات کی بھر مار ہے، کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔