عرفان خان کی گمشدہ فلم انتقال کے چھ سال بعد ریلیز، مداح حیران
عرفان خان اور ودیا بالن کی غیر ریلیز شدہ فلم دی لاسٹ ٹیننٹ یوٹیوب پر جاری کردی گئی

ممبئی: بھارتی سینما کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کی ایک نایاب اور طویل عرصے سے غائب فلم بالآخر ان کے انتقال کے چھ سال بعد مداحوں کے لیے جاری کردی گئی، جس نے شائقین کو حیرت اور جذبات میں مبتلا کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کی چھٹی برسی کے موقع پر ان کی اور ودیا بالن کی پرانی، غیر ریلیز شدہ فلم دی لاسٹ ٹیننٹ کو یوٹیوب پر پیش کیا گیا ہے۔یہ فلم تقریباً 25برس تک منظرعام سے دور رہی اور اب پہلی بار ناظرین کو دیکھنے کا موقع ملا ہے۔فلم کو ریلیز ہوتے ہی غیر معمولی توجہ حاصل ہوئی، جہاں صرف تین دنوں میں اسے دو لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا، جو ناظرین کے تجسس اور دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
دی لاسٹ ٹیننٹ 2000میں محدود وسائل کے ساتھ تیار کی گئی تھی۔ اس کی ہدایت کاری اور تحریر سارتھک داس گپتا نے کی، جبکہ پروڈکشن نیینا اور سارتھک داس گپتا نے مشترکہ طور پر سنبھالی۔یہ فلم کئی حوالوں سے منفرد اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس میں عرفان خان اور ودیا بالن اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بھارتی فلمی تاریخ کی ایک نایاب دستاویز قرار دیا جا رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دونوں اداکاروں کا واحد مشترکہ اسکرین پروجیکٹ بھی ہے، جبکہ ودیا بالن کے ابتدائی ترین کاموں میں بھی اس فلم کو خاص مقام حاصل ہے




