معرکہ حق کو ایک سال مکمل، شوبز شخصیات کا پاک فوج کو خراج تحسین
دنیا میں امن کے قیام کیلئے بھی پاک فوج اہم کردار ادا کررہی ہے، شوبزشخصیات

اسلام آباد: پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع اور استحکام کیلئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عظیم قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔
شوبز شخصیات نے کہا کہ مضبوط فوج ہی محفوظ پاکستان کی ضامن ہے اور پاک فوج نے معرکہ حق میں بھارت کو ذلت آمیز شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں جبکہ معرکہ حق میں شاندار فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بڑھی اور ملک کا نام روشن ہوا۔
شوبز شخصیات نے کہاکہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے بھی پاک فوج اہم کردار ادا کررہی ہے، پاکستان امن چاہتا ہے مگر اگر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو منہ کی کھانا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی بدولت آج ملک میں امن قائم ہے جس کا کریڈٹ عسکری قیادت کو جاتا ہے۔




