لاہور چیمبر :محب حسن ’’اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امور نوجوانوں‘‘ کے کنوینر مقرر
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ویلیو رئیل اسٹیٹ مارکیٹنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے سی ای او محب حسن کو’’اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نوجوانوں کے امور‘‘ کا کنوینر مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری سال 2024-25 کے لیے عمل میں لائی گئی ہے اور اسے چیمبر کی تاریخ میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے اس موقع پر ایک خصوصی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ محب حسن اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور بزنس مینجمنٹ کے تجربے کو بروئے کار لا کر نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے اور بزنس کمیونٹی کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ تقرری نوجوانوں کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ "اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نوجوانوں کے امور” کو نوجوان طبقے کی ترقی، ان کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔
محب حسن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر 10 رکنی کمیٹی تشکیل دیں، جو نوجوانوں کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کرے گی۔ اس کمیٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار کے حوالے سے انہیں ایس او پیز بھی فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ کمیٹی کے اقدامات منظم اور مؤثر ہوں۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ یہ تقرری نوجوانوں کے لیے ایک نئی سمت فراہم کرے گی، جس کے ذریعے ترقیاتی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہا ہے۔
محب حسن نے اپنی تقرری پر لاہور چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری اور لگن کے ساتھ نبھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ترقی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور وہ اس سلسلے میں اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔یہ تقرری لاہور چیمبر کی جانب سے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے نوجوان طبقے کو نہ صرف بزنس کمیونٹی کے قریب لانے میں مدد ملے گی بلکہ ان کی کاروباری صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔