زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 19 نومبر تک توسیع
مقدمے میں شریک ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں
اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سنگجانی میں جلسہ پر مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری میں 19 نومبر تک توسیع کر دی گئی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مقدمے کی سماعت کی جہاں دوران سماعت زرتاج گل اپنے وکلا سردار مصروف خان، انصر کیانی اور آمنہ علی کے ہمراہ پیش ہوئیں۔
وکیل صفائی سردار مصروف خان نے موقف اپنایا کہ تھانہ سنگجانی کے درج مقدمے میں شریک ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، اس موقع پر پراسیکیوٹر کی جانب سے دیگر ملزمان کی درخواست ضمانتوں سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور استدعا کی کہ دیگر ملزمان کی درخواست ضمانتوں کے ساتھ ہی اس ضمانت کو بھی سنا جائے۔
عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے زرتاج گل کی درخواست ضمانت میں 19 نومبر تک توسیع کر دی۔