پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کوبھرپورمواقع میسرہیں،وزیر خزانہ
معاشی استحکام کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں کلیدی معاشی اشاریے مثبت ہیں، سینیٹر محمداونگزیب
واشنگٹن: وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کومختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بھرپورمواقع میسرہیں، حکومت اصلاحات کے جامع ایجنڈاپرعمل پیراہے، معاشی استحکام کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں کلیدی معاشی اشاریے مثبت ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کااظہارعالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے موسم بہارکے سالانہ اجلاس کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں مختلف ملاقاتوں،تقاریب اورسرگرمیوں کے دوران کیا۔وزیر خزانہ نے سٹی بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور جے پی مورگن کی جانب سے منعقدہ سرمایہ کار فورمز میں شرکت کی اور گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی معیشت کی کارکردگی کے بارے میں سرمایہ کاروں کوتفصیل سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ معاشی استحکام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں کلیدی معاشی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں میں بہتری، نجکاری اور حکومتی ڈھانچے کو کم کرنے کے حوالے سے اہم اصلاحات پرعمل درآمدہورہاہے ، حکومت مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے قومی مالیاتی معاہدے میں صوبائی حکومتوں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔وزیرخزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں عملہ، عمل اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر چینی آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدوں پرمذاکرات، خصوصی اقتصادی زونز اور خود مختار ویلتھ فنڈ کے بارے میں سرمایہ کاروں کے مختلف سوالات کا جواب بھی دیا۔