پنجاب حکومت دلہنوں کو ایک لاکھ روپے سلامی دے گی
پنجاب کابینہ نے اجتماعی شادیوں کے تاریخی پروگرام کی منظوری دیدی ہے
پنجاب حکومت دلہنوں کو ایک لاکھ روپے سلامی دے گی
لاہور: پنجاب کابینہ نے اجتماعی شادیوں کے ایک تاریخی پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جس میں دلہنوں کو سلامی اور قیمتی تحائف بھی دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں 3,000 غریب خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے بڑے پروگرام کی منظوری دی گئی۔
اس منصوبے کے تحت دلہنوں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے کی سلامی دی جائے گی، اور اس کے علاوہ فرنیچر، ملبوسات، ڈنر سیٹ سمیت استعمال کی 13 اشیاء بھی تحفے کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اجتماعی شادیوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں ایک لاکھ ایکڑ زمین کو بے زمین کاشتکاروں کے لیے عارضی کاشت کے لیے 3 اور 5 سال کی مدت کے لیے لیز پر الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، پنجاب میں ای بس سروس اسکیم کی منظوری دی گئی، جس کے پہلے مرحلے میں 27 بسیں متعارف کی جائیں گی۔
ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ کے لیے 1.2 میگا واٹ کے سولر پینلز بھی لگائے جائیں گے، اور توقع کی جارہی ہے کہ پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فعال ہو جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی کے منصوبے کی تفصیلات بھی طلب کیں، اور صوبے بھر میں آٹا اور چکن کی قیمتوں کی کڑی مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔ اس کے علاوہ، الحمرا لاہور میں اجوکا تھیٹر فیسٹول کے لیے 10 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔