Pakistan
Trending

ظلم کرنے والوں کیخلاف شوکت یوسفزئی کا سخت پیغام

ہم پُرامن احتجاج چاہتے ہیں اور ہمارے کارکنوں کو بھی پُرامن رہنے کی تلقین کی گئی ہے

ظلم کرنے والوں کیخلاف شوکت یوسفزئی کا سخت پیغام

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسف زئی نے حکومت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کا ظلم سہہ لیں گے، لیکن جب ہماری حکومت آئے گی تو سب کا احتساب ہوگا۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے حکومتی رکاوٹوں پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت راستے بند نہ کرتی تو ہمارا احتجاج ایک جگہ پر ہوتا اور معاملات پُرامن رہتے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس جمہوری نظام میں احتجاج پر پابندی ہوتی ہے؟ وفاقی اور پنجاب کے وزرا چار دنوں سے ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ "اٹک پار کر کے دکھاؤ”۔

شوکت یوسف زئی نے پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کون ہوتے ہیں جو پورے پاکستان کے مالک بنے ہوئے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی تو احتساب ہوگا اور انصاف ہوگا۔ ہم پُرامن احتجاج چاہتے ہیں اور ہمارے کارکنوں کو بھی پُرامن رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام مظالم کے باوجود، ہم جمہوریت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور انہیں برداشت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جتنے بھی احتجاج کیے ہیں وہ سب پُرامن تھے، لیکن گولیاں ہمیشہ پولیس کی جانب سے چلائی گئیں۔ اگر حکومت کنٹینر نہ لگاتی اور راستے نہ روکتی تو دھرنا شام تک ختم ہو جاتا اور لوگ واپس چلے جاتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت جہاں بھی ہمیں روکے گی، وہیں ہمارا دھرنا ہوگا۔ اگر وزرا ملکی معاملات میں سنجیدہ ہوتے تو ہمیں چار دن سے دھمکیاں نہ دے رہے ہوتے۔

تحریک انصاف آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے جنگ لڑ رہی ہے اور جب تک عمران خان کا حکم نہیں آئے گا، کارکن احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

شوکت یوسف زئی نے مزید کہا کہ حکمران پی ٹی آئی کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈی چوک جانے دیں اور ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالیں

۔ عوام کا 70 فیصد حصہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے اور حکمران اس عوامی حمایت سے خوفزدہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button