شوہر کی ناراض بیوی کیساتھ عدالت میں عجیب حرکت
بیوی کو کو کندھے پر اٹھا کر بھاگنے کی کوشش کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ
شوہر کی ناراض بیوی کیساتھ عدالت میں عجیب حرکت
سیچوان :چین کے صوبہ سیچوان میں ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب عدالت میں طلاق کی درخواست مسترد ہونے پر شوہر اپنی بیوی کو کندھے پر اٹھا کر بھاگنے کی کوشش کرنے لگا، جس کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی۔ چینی ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ ایک 20 سال پرانے شادی شدہ جوڑے کے درمیان پیش آیا۔ چن نامی خاتون نے اپنے شوہر لی پر گھریلو تشدد کا الزام لگاتے ہوئے عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔
چن نے دعویٰ کیا کہ لی نشے کی حالت میں انہیں اکثر مارپیٹ کا نشانہ بناتا ہے، جس کی وجہ سے ان کا رشتہ مکمل طور پر ٹوٹ چکا ہے۔ تاہم، عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ ابھی بھی دونوں کے درمیان ایک گہرا جذباتی تعلق ہے اور صلح ممکن ہے۔ عدالت کے اس فیصلے سے چن مطمئن نہیں تھی اور اس نے دوبارہ اپیل کی، جس کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت مقرر ہوئی۔
مقدمے کی دوسری سماعت کے دوران لی جذباتی طور پر بے قابو ہو گیا اور اچانک اپنی اہلیہ کو کندھے پر اٹھا کر کمرہ عدالت سے باہر بھاگنے کی کوشش کی۔ چن نے خوف سے چیخنا شروع کر دیا، تاہم عدالت کے سیکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر مداخلت کی اور لی کو روکا۔
بعد ازاں، 12 ستمبر کو لی نے ایک معافی نامہ لکھا جس میں اس نے اپنے غلط رویے کا اعتراف کیا اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ کیا۔ لی کا کہنا تھا کہ اسے اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور وہ اس قسم کی حرکت دوبارہ نہیں کرے گا۔ عدالتی ثالثی کے ذریعے، بالآخر دونوں نے ایک دوسرے کو طلاق نہ دینے کا فیصلہ کیا اور چن نے اپنے شوہر کو ایک اور موقع دینے پر رضامندی ظاہر کی۔