ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے، بیرسٹر سیف
ہمارا قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے ڈی چوک پہنچے گا
کوئی رکاوٹ ڈی چوک پہنچنے سے نہیں روک سکتی، بیرسٹر سیف
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا ہے کہ جعلی حکومت جتنی بھی کوشش کر لے، ہم ہر صورت ڈی چوک پہنچیں گے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ڈی چوک پر کنٹینرز کھڑے کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارا قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے ڈی چوک پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت پولیس کے ذریعے عوام کو دبانے کی کوشش نہ کرے، گزشتہ احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے بڑے ظرف کا مظاہرہ کیا تھا اور علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ہاتھوں یرغمال بنائی گئی پنجاب پولیس کو آزاد کروایا تھا۔ اگر اس بار بھی پولیس طاقت کا غلط استعمال کیا گیا تو اس کے نتائج کی ذمہ دار خود حکومت ہو گی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نوجوان اس بار بھی ڈی چوک پہنچنے کے لئے پرجوش ہیں، اور حکومت کی طرف سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹیں ان کے عزم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چوری کرنے والی حکومت کو ہٹانے کا آخری اور فیصلہ کن مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔