Pakistan
Trending

ریڈزون احتجاج، پی ٹی آئی کو لاشوں کی ضرورت ہے: فیصل واوڈا

آئی پی پیز کا مسئلہ فوج نے حل کیا،پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان جلدمتوقع

ریڈزون احتجاج، پی ٹی آئی کو لاشوں کی ضرورت ہے: فیصل واوڈا

اسلام آباد :سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سینیٹر واوڈا نے کہا کہ ریڈ زون میں مظاہرہ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ لڑائی ہو سکے اور لوگ مروائے جائیں۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اقتدار کے حصول کی خاطر ایک سیاسی جماعت غیر اخلاقی کھیل کھیل رہی ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کی معیشت کی بہتری سے پریشانی ہے، اور وہ آزادی اور غلامی کی بات کر رہے ہیں جبکہ پہلے انہیں اپنی ذہنی غلامی سے نجات پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو اب سیاسی لاشوں کی ضرورت ہے اور یہی ان کی منصوبہ بندی ہے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ سب سے پہلے اپنے بیٹوں کو پاکستان واپس لائیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شخصیات اور سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں، لیکن حکومت پی ٹی آئی کے اقدامات کو اجاگر کرنے میں ناکام رہی ہے۔

فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گنڈا پور ایک پیادہ ہیں، اور ان کے پیچھے ایک کہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاست رہنے دیں، لیکن جیسے ہی کوئی بات کی جاتی ہے تو مولاجٹ کی سیاست شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں، لیکن انہیں تصادم کی ضرورت ہے، اسی لیے وہ ڈی چوک میں نہیں آئیں گے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ جب تک اللہ کی رضا ہے، معاملات چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار انہیں نااہل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن وہ اللہ کی مہربانی سے اہل قرار پاتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا تو نتائج سنگین ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں استحکام کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول سستا ہو گا، ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو 9 سینٹ فی یونٹ بجلی ملے گی اور شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔

سابق وزیر نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے پاکستان کے لیے ایک اور بڑی خبر آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایس آئی ایف سی کا کریڈٹ ہے تو کسی اور کا ذکر کیوں کریں؟ انہوں نے کہا کہ فوج کی اچھی کارکردگی کو سراہنا چاہیے، اور میں ان لوگوں میں سے نہیں جو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرنے آئے تھے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ وہ کراچی سے ہیں، اور گالیوں کی سپیڈ ایسی ہے کہ فور سٹار بھی پیچھے رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گالیوں اور بدتمیزی سے معاملات بہتر نہیں ہو سکتے، آپ سلام کریں گے تو جواب میں ڈبل سلام ملے گا، اور گالی دیں گے تو جواب میں ڈبل گالی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو جس راستے پر جانے سے روکتے رہے، وہ وہیں گئے، اور اب وہ اپنے سیاسی تابوت پر آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے محنت کی ہے، اور آئی پی پیز کا مسئلہ پی ٹی آئی کے دور میں بھی فوج نے حل کی طرف لے کر جانا شروع کیا۔ آج حکومت کے افراد کے نام بھی آئی پی پیز کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کچھ دن پہلے بات ہوئی تھی، اور وہ عزت و احترام سے ملتے ہیں، بلاول میں کوئی چھچھوراپن نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بارڈرز پر فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں، اور آپ چاہتے ہیں کہ فوج آپ کے لیے قربانی دے اور حکومت کا کام بھی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں نکالا جا سکتا کہ انہوں نے یا ان کے خاندان نے حکومت سے کوئی پلاٹ لیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کو ملک میں آگ لگانے اور گالم گلوچ کے لیے لایا جا رہا ہے۔

آخر میں، فیصل واوڈا نے کہا کہ 21 اکتوبر کو ہم سب سالگرہ کا کیک خوشی سے کاٹیں گے، اور سپریم کورٹ میں ان سے زیادہ تجربہ کار لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے تاثر دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی پشت پر عدالت کھڑی ہے، اور حکومت کی پشت پر سٹیبلشمنٹ۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ نو گو ایریا میں کھڑے ہونے کا نوٹس لیں۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button