حسن نصراللہ کو مارنے کے لیے امریکی بم استعمال کیاگیا، امریکی سینیٹر
اسرائیل نے2000 پائونڈ وزنی مارک 84 بم استعمال کیا ،مارک کیلی کا بیان
واشنگٹن:ایک امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بیروت میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کو مارنے کے لیے جو بم استعمال کیا وہ امریکی ساختہ گائیڈڈ بم تھا۔سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی فضائی امور کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین مارک کیلی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا کہ اسرائیل نے مارک 84 بم استعمال کیا جس کا وزن 2000 پائونڈ یا 900 کلو گرام تھا۔ حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کے بارے میں یہ پہلا امریکی بیان ہے۔مارک کیلی نے مزید کہا کہ ہم گائیڈڈ گولہ بارود کے بڑھتے ہوئے استعمال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں حزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر پر بمباری میں حسن نصر اللہ کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کو ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پینٹاگون نے ابھی تک مارک کیلی کے بیانات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔