مرد اداکاروں کو بھاری معاوضے دینا بند کردئیے، کرن جوہر
مرد اداکار یا ہیرو فلم کا 70 فیصد بجٹ اپنے معاوضے کی صورت میں لے جاتے ہیں
ممبئی:بالی ووڈ فلم میکر کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی فلم کے لیے مرد اداکاروں کو بھاری معاوضے دینا بند کردئیے ہیں۔بھارتی چینل کی پینل گفتگو میں بات کرتے ہوئے بالی ووڈ کو متعدد ہٹ فلمیں دینے والے فلم میکر کرن جوہر نے کہا کہ میں دیگر فلم میکرز پربھی زور دوں گا کہ وہ مرد اداکاروں کے معاوضوں میں کمی کریں۔ بالی ووڈ میں ٹوٹل 6 ہیروز ہیں اور انہی کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ اب نئے اداکاروں کو بھی چانس دیا جائے۔کرن جوہر کا مزید کہنا تھا کہ ان کی کم بجٹ کی نئی فلم ‘کل’ میں کام کرنے سے بڑے اداکاروں نے انکار کردیا۔ مشہور اداکار فلم کا معاوضہ اتنا مانگ رہے تھے جتنا پوری فلم کا بجٹ تھا۔ میں نے پھر نئے اداکاروں کو کاسٹ کیا۔ فلم کل کا بجٹ 40 کروڑ بھارتی روپے تھا اور مشہور اداکار اپنا معاوضہ بھی 40 کروڑ مانگ رہے تھے۔ میں نے ان سے کہا کہ کیا آپ مجھے گارنٹٰی دیں گے کہ فلم کل 120 کروڑ روپے کمائے گی۔ نئے اداکار بھی بھاری معاوضہ مانگتے ہیں جبکہ وہ فلم کے کردار کرکوئی تجربہ کرنے کو تیارنہیں ہوتے نہ رسک لینے پر آمادہ ہوتے ہیں۔دوسری جانب فلم میکر زویا اختر نے کہا کہ مرد اداکار یا ہیرو فلم کا 70 فیصد بجٹ اپنے معاوضے کی صورت میں لے جاتے ہیں۔ اس صورتحال کو بدلنا چاہیے۔ کرن جوہر اور دیگر فلم میکرز کو اداکاروں کے معاوضے کم کرکے ٹیکنکل اسٹاف کو دینا چاہیے۔