اسرائیل نے تمام سرخ لکیریں پار کرلیں، حسن نصراللہ
اسرائیلی حملے لبنان کی خود مختاری پر حملہ اور جنگ کے اعلان کے مترادف ہے،خطاب
بیروت :حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیل نے تمام سرخ لکیریں پار کرلی ہیں۔ دو روز کے دوران ہونے والے حادثات نے حالات کو نیا رخ دے دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مواصلاتی آلات کے دھماکوں کے بعد بیروت میں پہلے خطاب میں حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں مواصلاتی آلات کے دھماکوں سے اسپتالوں پر دبا بڑھ گیا، مواصلاتی آلات دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد انتہائی زیادہ ہے۔ اسرائیل نے ایک منٹ میں 4 ہزار سے زائد افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں افراد کو قتل کرنے کیلیے مواصلاتی آلات استعمال کیا، اسرائیل نے مواصلاتی آلات دھماکوں کے ذریعے جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز کیدوران واقعات سے حالات کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے، دشمن نے حزب اللہ کو انتہائی بڑا نقصان پہنچایا، اسرائیل نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔حسن نصراللہ نے حملوں کے متاثرین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ لبنان کے عوام بالخصوص طبی عملے اور خون کے عطیات دینے والوں کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ، بازار اور اسپتال کچھ بھی اسرائیل کی دہشتگردی سے نہ بچ سکے۔ اسرائیلی حملے بڑی دہشتگردی اور نسل کشی کے مترادف ہیں۔حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے لبنان کی خود مختاری پر حملہ اور جنگ کے اعلان کے مترادف ہے، مواصلاتی آلات دھماکوں سے نقصان پہنچا لیکن یہ ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔