Pakistan
Trending

وزیراعظم کا اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینے کیلئے قومی مہم کا اعلان

جو بھی رضاکارانہ طور پر اعضاء عطیہ کرنے کیلئے خود کو رجسٹر کروائے گا ، اسکے شناختی کارڈ پر مخصوص لوگو پرنٹ کیا جائے گا‘شہبازشریف

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم شناخت کے موقع پر اعضا کے عطیہ کو فروغ دینے کیلئے شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو پرنٹ کرنے کے اقدام کا اعلان کیا ہے۔عالمی یوم شناخت پر پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج دنیا بھر میں شناخت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، آج کے دن ہم معاشرے میں شناخت کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں، شناخت کا تعلق محض پہچان سے نہیں ہے بلکہ یہ ایک ہمہ جہتی اصطلاح ہے، جس سے معاشرے کے ہر فرد کو قومی فیصلوں میں اپنی نمائندگی اور ضروری خدمات تک رسائی ملتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھے ایک اہم قومی اقدام کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جس کا مقصد اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینا ہے، اس اقدام کے تحت جو بھی فرد رضاکارانہ طور پر اعضاء عطیہ کرنے کیلئے خود کو رجسٹر کروائے گا ، اس کے قومی شناختی کارڈ پر ایک مخصوص لوگو پرنٹ کیا جائے گا جو کہ انسانی زندگی بچانے کے حوالے سے اس شخص کے عزم کا اعتراف ہو گا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اعضاء کا عطیہ انسانی ہمدردی کا ایک ایسا عمل ہے جو ضرورت مندوں کو زندگی کا ایک نیا موقع فراہم کر سکتا ہے، میں تمام شہریوں کو اس اقدام میں حصہ لینے اور زندگی بچانے والی کمیونٹی کا حصہ بننے کی ترغیب دیتا ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button