حکومت بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم
بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے ، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی،الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کیا جائے ،اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مشاورت کی جائے ،نومبر ای -وہیکلز پالیسی مکمل کی جائے ،وزیراعظم کی ملک میں ای-وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائسنز کے ضابطہ ء کار کو بہتر بنایا جائے،ای-وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی جائے ، لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلباء میں ای-موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز (بجلی سے چلنے والی گاڑیوں) کے استعمال کے حوالے سے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی۔