وزیراعظم سے بلاول کی قیادت میں پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات
پیپلز پارٹی اہم اتحادی جماعت ہے ،تمام معاملات میں ساتھ لیکر چلتے رہیں گے اور ہم قسم کی غلط فہمیوں کو دور کیا جائیگا ، شہبازشریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اہم اتحادی جماعت ہے ،تمام معاملات میں ساتھ لیکر چلتے رہیں گے اور ہم قسم کی غلط فہمیوں کو دور کیا جائیگا جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کے اس وقت میں ہم حکومت کیساتھ ہیں اور مکمل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملاقات کی ۔وفد میں سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضی وہاب شامل تھے. ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔
ملاقات ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز ’’چارٹر آف پارلیمنٹ‘‘کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیرِ اعظم نے خیر مقدم کیا۔