World

بھارت، نسلی تصادم کے بعد انٹرنیٹ بلیک آؤٹ، کرفیو نافذ

بھارتی ٹی وی کے نشریاتی اداروں نے ریلی کو منتشر کرنے کی کوشش میں پولیس کو آنسو گیس کے گولے چلاتے ہوئے دکھایا

نئی دہلی: بھارت کی تنازعات سے متاثرہ شمال مشرقی ریاست منی پور میں کئی دنوں کے مہلک نسلی تشدد اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد کرفیو نافذ کرنے کے بعد انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کا حکم دے دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منی پور ایک سال سے زیادہ عرصے سے بنیادی طور پر ہندو اکثریتی میتی اور مسیحی کوکی برادری کے درمیان وقفے وقفے سے جھڑپوں کی لپیٹ میں ہے، جس نے ریاست کو نسلی علاقوں میں تقسیم کردیا ہے۔مہینوں تک نسبتاً پرسکون رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے دونوں برادریوں کے درمیان دشمنی دوبارہ شروع ہوگئی تھی جس میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ریاست کی وزارت داخلہ کے نوٹس میں تازہ ترین بیامنی کو قابو میں لانے کے لیے ریاست میں تمام انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز کو 5 روز کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا کہ کچھ سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کو بڑے پیمانے پر تصاویر، نفرت انگیز تقریر اور نفرت انگیز ویڈیو پیغامات کی ترسیل کے لیے استعمال کر سکتے ہیں جو عوام کے جذبات کو بھڑکاتے ہیں۔
‘اس میں کہا گیا کہ یہ ضروری ہو گیا ہے کہ عوامی مفاد میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے غلط معلومات اور جھوٹی افواہوں کو پھیلانے سے روک کر مناسب اقدامات کیے جائیں۔گزشتہ سال منی پور میں تشدد کی پہلی لہر کے دوران انٹرنیٹ سروسز کئی ماہ کے لیے بند کر دی گئی تھیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تشدد کی اس لہر سے تقریباً 6 ہزار افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوگئے تھے، کشیدگی کی وجہ سے ریاست کے ہزاروں باشندے اب بھی گھروں کو واپس نہیں لوٹ سکے ہیں۔
ریاستی دارالحکومت امپھال میں سیکڑوں میتی افراد نے منگل کے اوائل میں نافذ کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے کوکی باغی گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، جنہیں وہ حملوں کے تازہ ترین واقعات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔بھارتی ٹی وی کے نشریاتی اداروں نے ریلی کو منتشر کرنے کی کوشش میں پولیس کو آنسو گیس کے گولے چلاتے ہوئے دکھایا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پیر کو طلبہ کی زیرقیادت احتجاج اس وقت پرتشدد ہوگیا جب ہجوم نے سیکورٹی فورسز پر پتھر اور پلاسٹک کی بوتلیں پھینکیں۔بیان میں کہا گیا کہ ایک اور ضلع میں مظاہرین نے پولیس سے اسلحہ چھین لیا اور ان پر فائرنگ کی۔اس میں کہا گیا ہے کہ ’ایک پولیس اہلکار کو بائیں ران پر لائیو راؤنڈ مارا گیا تھا اور دوسرے پولیس اہلکار کے چہرے پر نامعلوم گولی لگی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button