جعلی دستاویزات پر 83ملزمان گرفتار : ایف آئی اے
ذاتی دستاویزات کسی کے حوالے نہ کریں، ویزا کیلئے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں، ایف آئی اے امیگریشن
کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر رواں سال کے دوران ایف آئی اے نے 83 ملزمان کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر گرفتار کیا ہے۔ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئرپورٹ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق 55 ملزمان کو جعلی ویزوں جبکہ 28 ملزمان کو جعلی پاسپورٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے دوران 16ہزار700 پروازیں کے ذریعے 2.79 ملین مسافروں کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا گیا، مختلف اداروں کو سنگین جرائم میں مطلوب متعدد ملزمان کو اسٹاپ لسٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
علاوہ ازیں، کراچی ایئرپورٹ پر جدت اور بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے آمد اور روانگی کے کانٹرز کو انٹرپول کے ڈیٹا بیس تک براہ راست رسائی فراہم کی گئی ہے۔رواں سال آئی سی ایم پی ڈی کے تعاون سے جدید فرانزک اور آئی ٹی آلات سے لیس سیکنڈ لائن آفس کا اجرا کیا گیا۔
سکینڈ لائن آفس کی بدولت ویزا اور پاسپورٹ کی جانچ پڑتال میں مدد ملے گی، امیگریشن افسران کو سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کرنے کے حوالے سے خصوصی ٹریننگز کا انعقاد بھی کیا گیا۔