غزہ، ڈپٹی ڈائریکٹر شہری دفاع اہلخانہ سمیت شہید
سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر کو ٹارگیٹ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا
مقبوضہ غزہ: غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں اہل خانہ سمیت غزہ شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہید ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی کہ غزہ سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عبدالحیی مرسی جبالیا میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے ۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے سول ڈیفنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر کو ٹارگیٹ کرکے نشانہ بنایا گیا تھا، حملے میں ان کے اہل خانہ بھی شہید ہوگئے۔ترجمان غزہ سول ڈیفنس کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ سول ڈیفنس کے 83 اہلکار شہیدجبکہ 200سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 33 فلسطینی شہید ہوگئے اس کے علاوہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے سے 3 ایمرجنسی اہلکار بھی شہید ہوئے۔اردن کے ساتھ مغربی کنارے کی سرحد پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی فوجی ہلاک جبک حملہ آور کو بھی مار دیا گیا۔
حملے کے بعد اسرائیل نے اردن کے ساتھ تمام زمینی راستے بند کر دیے،دوسری جانب غزہ میں اقوام متحدہ کی انسداد پولیو مہم جاری ہے، ایک ہفتے میں غزہ کے 69 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیے گئے۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں ہزاروں بچے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل کیے جا چکے ہیں، اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار 972 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 94 ہزار 761 سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جبکہ غزہ پر اسرائیل کے اندھادھند بمباری سے اب تک لاکھوں افراد بے گھر ہوکر کیمپوں میں گزارنے پر مجبور ہیں۔