عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہو! ہمت ہے تو آؤ ہم سے لڑو، فوج کا بلوچستان میں دہشتگردوں کو چیلنج
اگست میں ہونے والے واقعات کا اسلام، انسانیت، بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے بلوچستان میں دہشتگردوں کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو کیوں نشانہ بناتے ہو! ہمت ہے تو آؤ ہم سے مقابلہ کرو۔پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے اقدامات، داخلی سلامتی اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔
25 اور 26 اگست کو بلوچستان میں ہونے والے واقعات کا اسلام، انسانیت، بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں اندرون اور بیرون ملک موجود دشمن عناصر کے ایما پر کی گئیں، بلوچستان میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 14 سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے بلوچستان کے عوام میں احساس محرومی اور ریاستی جبر کا تاثر پایا جاتا ہے، جسے بیرونی ایما پر مخصوص عناصر بڑھاوا دیتے ہیں تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل خوف و ہراس کے ذریعے متاثر کیا جا سکے۔ترجمان پاک فوج نے بلوچستان میں دہشتگردوں کو کھلا چیلنج دیتےہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عام شہریوں کو کیوں نشانہ بناتے ہو، ہمت ہے تو آؤ ہم سے مقابلہ کرو۔