Sports
Trending

اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر آسٹریلیا نے ریکارڈز کے انبار لگا دیے

155 رنز کا ہدف محض 10 اوورز کے اندر حاصل کرلیا،پاور پلے میں مجموعی طور پر ریکارڈ24 باؤنڈریز ماریں

ایڈن برگ :آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 155 رنز کا ہدف محض 10 اوورز کے اندر حاصل کر کے ریکارڈز کے انبار لگا دیے۔پاور پلے میں مجموعی طور پر ریکارڈ24 باؤنڈریز ماریں۔ایڈن برگ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کے کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے اس میچ کے لیے اپنے اہم فاسٹ باؤلرز مچل اسٹارک اور جوش ہیزل وْڈ کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میچ میں نئے فاسٹ باؤلرز کو آزمایا گیا۔اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے اور کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری نہ بنا سکا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جیارج مْنسے 28 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ میتھیو کراس نے 27 اور کپتان رچرڈ بیرنگٹن نے 23 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں برینڈن میک میولن نے پہلے ہی اوور میں جیک فریزر کو چلتا کردیا لیکن ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش ان پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑے۔ہیڈ اور مارش نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اننگز کے پہلے اوور میں صرف 5 رنز بننے کے باوجود ابتدائی 6 اوورز میں آسٹریلیا نے 113 رنز اسکور بورڈ پر سجا کر میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ٹریوس ہیڈ نے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ سے مچل مارش محض 12 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔تاہم اصل جارحانہ انداز ٹریوس ہیڈ نے اپنایا اور صرف 25 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button