فواد اور ماہرہ کا ڈرامہ ’’ہمسفر‘‘‘ بھارت کے تھیٹر میں پیش کیے جانے کی خبریں سرگرم
اْمید ہے کہ تمام معاملات طے ہوجانے کے بعد ہم اس پراجیکٹ کو حتمی شکل دیں گے،عمران زاہد
ممبئی:بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘ہمسفر’ بہت جلد بھارت میں تھیٹر کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔بھارتی خبررساں ادارے ‘ٹائمز ناؤ’ کے مطابق بھارتی اداکار عمران زاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اْنہوں نے فواد خان اور ماہرہ خان کے ڈرامے ‘ہمسفر’ کا تھیٹر بنانے کے لیے پاکستانی ٹی وی چینل کے منتظمین سے رابطہ کیا ہے۔عمران زاہد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں نے ‘ہمسفر’ کا تھیٹر بنانے کے لیے مومنہ درید پروڈکشن کی بانی مومنہ درید سے قانونی اجازت مانگی ہے اور اْنہوں نے مجھے مثبت ردعمل دیا ہے۔بھارتی اداکار نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے سلطانہ صدیقی سے بھی رابطہ کیا ہے اور اْنہوں نے بھی تھیٹر میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ قانونی اجازت ملنے کے بعد ہی ہم ڈرامے کے تھیٹر پر کام شروع کریں گے اور اس تھیٹر میں کام کرنے والے تمام اداکار رضاکارانہ طور پر معاوضے کے بغیر کام کریں گے کیونکہ ہمارا مقصد اس تھیٹر سے پیسے کمانا نہیں ہے۔عمران زاہد نے مزید کہا کہ اْمید ہے کہ تمام معاملات طے ہوجانے کے بعد ہم اس پراجیکٹ کو حتمی شکل دیں گے اور اْس کے بعد ہی تھیٹر کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔