سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم’’میں نے پیار کیا‘‘35 سال بعد دوبارہ ریلیز
یہ فلم اپنی ریلیز کے 35 سال بعد دوبارہ 23 اگست کو انڈین سنیما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے
ممبئی:بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اور ماضی کی مقبول اداکارہ بھاگیہ شری کی بلاک بسٹر فلم ‘میں نے پیار کیا’ 35 سال بعد دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔80 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘میں نے پیار کیا’ سلمان خان اور بھاگیہ شری کے کیریئر کی بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی تھی کیونکہ اس فلم نے اپنے دور میں باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کی تھی۔فلم میں سلمان خان نے ‘پریم’ نامی امیر زادے لڑکے کا کردارادا کیا تھا جبکہ بھاگیہ شری نے سیدھی سادی ‘سمن’ کا کردار نبھایا تھا، اس فلم کی مقبولیت نے دونوں اداکاروں کو رات رات اسٹار بنا دیا تھا۔فلمی شائقین نے ‘میں نے پیار کیا’ کی کہانی اور گانوں کو بہت پسند کیا تھا، یہ فلم سلمان خان کے کامیاب کیریئر کی پہلی سیڑھی ثابت ہوئی تھی۔اب اس فلم کے میکرز نے مداحوں کے لیے ایک بڑا اعلان کیا ہے، جس کے بعد مداح خوشی سے جھوم اْٹھے ہیں۔میکرز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں اعلان کیا کہ یہ فلم اپنی ریلیز کے 35 سال بعد دوبارہ 23 اگست کو انڈین سنیما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کے علاوہ موہنیش بہل، آلوک ناتھ اور ریما لاگو نے بھی اداکاری کی تھی۔سلمان خان نے فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے بعد پیچھے مْڑ کر نہیں دیکھا اور کامیاب فلموں کی ایک لمبی فہرست بنا دی۔